0

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا تفصیلی دورہ کیا

پنڈ دادن خان (بیورو چیف ملک ظہیر اعوان)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف سرکاری اداروں میں ریکارڈ کی جانچ کی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ کمشنر راولپنڈی نے محکمہ صحت کے دفاتر کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے ادویات کے ریکارڈ اور دستیاب سٹاک کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین کی حاضری کا بھی ریکارڈ چیک کیا، صحت کی سہولیات کی بہتری اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے محکمہ تعلیم کے دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ و طالبات کے لیے اینٹی ڈینگی اقدامات کی جانچ کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے اور اس حوالے سے باقاعدہ پروگرام ترتیب دیے جائیں۔ کمشنر راولپنڈی نے تحصیل آفس میں شہریوں کی شکایات کا بھی فوری نوٹس لیا اور احکامات جاری کیے کہ ان مسائل کا جلد حل نکالا جائے۔ ڈی سی دفتر جہلم میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ڈویژنل کوآرڈینیشن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انجینئر عامر خٹک نے تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ستھرا پنجاب پروگرام اور اینٹی ڈینگی اقدامات پر بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ صرف عوامی سہولیات میں بہتری لائے گی بلکہ اس سے لوگوں کے مسائل بھی حل ہوں گے۔ انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اینٹی ڈینگی اقدامات کو مزید فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی علاقے میں کوئی ڈینگی کا کیس سامنے آئے تو فوری طور پر کارروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولیات کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی