پنڈدادنخان ( بیورو چیف ملک ظہیر اعوان ) تحصیل پنڈدادنخان ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری سید حسن رضا کاظمی، صدر اعجاز علی خان مغل، نائب صدر راجہ عابد علی عابد، مجلس عاملہ کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم برق، فنانس سیکرٹری میاں محمد رستم، سیکرٹری نشر و اشاعت افضل ذیشان گوندل، محمد احسان چوہدری اور دیگر اراکین سید اظہر الحسن کاظمی، چوہدری شفقت الرحمن، چوہدری محمد اختر، ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر راجہ مہدی حسن، مرزا خالد محمود، راجہ خالد بن سکندر اور دیگر اراکین نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ 40 خاندانوں کو پیسہ دینے کی خاطر حکومت IPPs کے ساتھ معاہدے چلا رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ IPPs کے ساتھ معاہدے فوری طور پر ختم کر کے پاکستانی قوم کا خادم ہونے کا ثبوت دیا جائے کیونکہ ملک کے ہر گھر کا سرپرست بجلی کا بل ہزاروں کے حساب سے آنے پر پریشان ہے۔ آدھی سے زیادہ قوم کے گھر کا کچن نہیں چل رہا تو وہ بجلی کا بل کیسے ادا کرے۔ اوپر سے بجلی کے بل عوام کی اوقات سے کئی گنا زیادہ آ رہے ہیں۔ چھ ماہ تک 201 یونٹ کا بل دس ہزار سے زیادہ ادا کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ یہ اپنی ہی قوم سے بہت بڑا ظلم ہے۔ بل صرف استعمال شدہ یونٹوں کے مطابق ہی بھیجا جائے۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں سے ہر قسم کا ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ہر ملک اپنی قوم کو بنیادی سہولتیں ہر وقت پہنچانا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے جبکہ ہمارے ملک کے حکمران اور ارباب اختیار اپنی ہی قوم کی کھال اتارنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ بجلی گیس کے بلوں کے علاؤہ سبزی، ٹماٹر، پیاز، آلو یعنی گھر میں استعمال کرنے والی روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں کو روکنے ٹوکنے والا کوئی نہیں۔ غریب کو مزدوری تو ویسے بھی نہیں ملتی تو وہ اپنے بیوی بچوں کو ایک وقت کی روٹی کیسے کمائے اور کھلائے۔ دنیا میں صرف ایک ہماری ہی حکومت ایسی ہے جس نے اپنی قوم کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا ہوا ہے۔ لوگ ہر قسم کی سہولت کے لئے ترس رہے ہیں۔ اپنی قوم کو سہولتیں نہ پہنچانے کے باوجود مختف قسم کے دھڑا دھڑ ٹیکس لگا رکھے ہیں۔ ہمارا حکومت وقت سے پرزور مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں سے ہر قسم کا ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے۔ IPPs سے معاہدے فوری طور پر ختم کئیے جائیں۔ گھر میں استعمال کی جانے والی روز مرہ کی خوراک کی قیمتوں میں فوری طور پر کنٹرول کیا جائے۔
0