0

ماہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام مسالک کے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،ڈپٹی کمشنر جہلم

پنڈ دادن خان (بیورو چیف ملک ظہیر اعوان )ماہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام مسالک کے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ضلعی امن کمیٹی کا اس حوالے سے اہم کردار ہے آپ سب ہمارے دست و بازو ہیں یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، ایس پی انویسٹیگیشن راجہ حسیب، ممبران مرکزی سنی علما کونسل، انجمن امامیہ، جماعت اہلسنت اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اجلاس کو محرم الحرام کے دوران امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، حساس مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا، جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو محرم کے جلوسوں کے راستوں پر صفائی کے معیار کو برقرار رکھیں گی۔ ایس پی انویسٹیگیشن راجہ حسیب نے کہا جلوسوں کے روٹس پر سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے کسی شرپسند کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس کے آخر میں ملکی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔