0

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال کر گئے

اعظم خان
نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان انتقال کرگئے۔ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کو طبیعت خراب ہونے کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کو گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لایا گیا تھا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ آج سہ پہرساڑھے3بجے چارسدہ میں ادا کی جائے گی، محمداعظم خان کی میت پشاور کے نجی اسپتال میں موجود ہے، کچھ دیربعدمیت کوآبائی علاقے پڑانگ چارسدہ منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں خیبر پختونخوا کی حکومت کے خاتمے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا نے اعظم خان کو کے پی کا نگران وزیر اعلٰی تعینات کیا گیا تھا۔

محمد اعظم خان نے رواں سال جنوری میں بطور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا حلف اٹھایا تھا، ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والے اعظم خان نے سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔

لنکنز ان لندن سے فارغ التحصیل بیرسٹراعظم خان اس سے قبل دوہزار اٹھارہ میں نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی کابینہ میں کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ اور وزیرداخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

اعظم خان اکتوبر دوہزار سات سے اپریل دوہزار آٹھ تک وزیراعلیٰ شمس الملک کی نگراں کابینہ میں وزیرداخلہ، منصوبہ بندی اور ترقیات رہے۔

نگراں حکومتوں کا حصہ رہنے سے قبل وہ ستمبر انیس سو نوے سے جولائی انیس سو ترانوے تک چیف سیکریٹری رہے اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے چیئرمین بھی رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں