پنڈ دادن خان( بیوروچیف ملک ظہیر اعوان ) ضلع جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان کے علاقے میں جپسم فیکٹریوں کی کثیر تعداد چلنے سے کلر پر اگنے والے کیکر دن رات دھڑا دھڑ کاٹ کر جپسم فیکٹریوں کے ایندھن کی نذر کیئے جا رہے ہیں . جس سے کلر کا علاقہ درختوں سے دن بدن غیر آباد ہوتا جا رہا ہے، اجڑ رہا ہے اور علاقے کا ماحول ناقابل برداشت حد تک گرم ہوتا جا رہا ہے اور درخت کم ہونے سے اور چلنے والی ان جپسم فیکٹریوں سیمنٹ فیکٹریوں ،آئی سی آئی سوڈا ایش کے دھوئیں سے ماحولیاتی آلودگی میں دن بدن بہت زیادہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے. ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اگر ایک درخت کاٹتے ہیں تو اس کے بدلے میں دو درخت لگانے لازمی قرار دیۓ جاتے.
مگر افسوس کہ پنڈدادن خان کے عوام کے حصے میں ماحولیاتی آلودگی آئی جس سے عوام کی اکثریت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے جبکہ چکوال کے عوام کے حصے میں ریونیو آیاجس سے وہ دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہے ہیں اور اچھی دستیاب سہولتوں کے باعث صحت مند اور خوشحال زندگی انجوائے کر رہے ہیں . تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ہمارے علاقے کے دعویدار عوامی نمائندوں کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے. اس چیلنج کو قبول کرنے کے لئے کوئی عوامی راہنما میدان عمل میں اترنے کو تیار نظر نہیں آتا. اور نہ ہی علاقے کی ویلفیئر کی تنظیمیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس سنگین مسئلہ پر مستعد اور متحرک دکھائی دیتی ہیں. البتہ ہمارے عوامی راہنماؤں نے اتنی ترقی ضرور کی ہے کہ علاقے میں پہلے کتوں کی بھیڑی کے مقابلے کراۓ جاتے تھے اور اب نوجوانوں کی بھیڑی کے مقابلے کراۓ جا رہے ہیں. لہٰذا عوامی نمائندوں کی بے حسی کے باعث عوام کو علاقے کی یہ ترقی مبارک ہو
0