0

رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور شریف میں ڈینگی کے عالمی دن کے موقع پر واک کا اہتمام

پنڈدادنخان (ملک ظہیر اعوان)
رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور شریف میں ڈینگی کے عالمی دن کے موقع پر سئنیر میڈیکل آفیسر رورل ہیلتھ سنٹر جلالپورشریف ڈاکٹر انعام اللّٰہ جمالی کی زیرِ نگرانی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں سئنیر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد بلال ، سی ڈی سی سپروائزر خرم شہزاد ، رورل ہیلتھ انسپکٹر علی رضا ، الفت پرویز ، سینٹری انسپکٹر سید تصویر حسین شاہ اور ہسپتال کے عملے سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ۔ ڈینگی کے آگاہی سے متعلق پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔ سی ڈی سی سپروائزر خرم شہزاد نے ڈینگی کے پھیلاؤ کی وجوہات بیان کیں۔ سی ڈی سی سپروائزر خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمے کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہے اور ڈینگی کے خاتمے اور صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے ۔ اس لیے کوشش کی جائے کہ ڈینگی مچھر کی پرورش گاہوں کو ختم کر کے معاشرے کو اس کے نقصانات سے بچایا جائے ۔ سی ڈی سی سپروائزر خرم شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ گھروں کے اندر واٹر ٹب ، کولرز اور گردونواح میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ڈینگی کے خاتمے تک ہم سب حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ آخر میں شہریوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور ڈینگی کیسز کی روک تھام کے لیے پمفلٹ تقسیم کیے گئے ۔