پنڈدادنخان (ملک ظہیر اعوان) المطلوبیہ سینٹر للہ شریف میں نیو ایئر ویز انٹرنیشنل ٹورز کی جانب سے سالانہ عمرہ پیکجز 2025-26 کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا ایک اور اہم مقصد “صدائے حسان نعت اکیڈمی” کا باضابطہ افتتاح بھی تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت نیو ایئر ویز کے سی ای او اور صدائے حسان نعت اکیڈمی کے استاد، قاری اکرام نقشبندی للہی نے حاصل کی۔ نعت شریف پیش کرنے کی سعادت صاحبزادہ مظہر حسین (ڈھڈی تھل) کو حاصل ہوئی۔
اس روح پرور تقریب کے مہمانانِ خصوصی درگاہِ عالیہ للہ شریف کے سجادہ نشین حضرت صاحبزادہ پروفیسر نعیم الرسول دامت برکاتم العالیہ، اور صاحبزادہ تکریم الرسول زیدہ مجدہ تھے۔
خصوصی شرکت کرنے والوں میں تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ پنڈ دادن خان کے صدر ملک ظہیر اعوان، جیو للہ نیوز کے ایڈمنز امجد اقبال، شوکت خان میکن، علامہ محمد سرفراز، حاجی غلام شبیر چدھڑاور ذیشان منیر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سماجی و دینی شخصیات شامل تھیں۔اس موقع پر قاری اکرام نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدائے حسان نعت اکیڈمی میں بچوں کو قرآنِ مجید کی تلاوت اور نعت خوانی کی مفت اور پروفیشنل تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ نئی نسل کو دینی اقدار سے روشناس کرایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ نعیم الرسول دامت برکاتہم العالیہ نے دعا کروائی اور قاری اکرام اللہ نقشبندی کے اس عظیم الشان اقدام کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کے لیے خوش آئند قدم قرار دیا۔امجد اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نعت اکیڈمی کا قیام علاقے کے بچوں کے لیے ایک نیک اور مثبت قدم ہے۔ قاری اکرام نقشبندی نہ صرف مقامی بلکہ ملک بھر میں ایک معروف نعت خواں کے طور پر جانے جاتے ہیں، اور ان کی زیر تربیت نئی نسل ایک باصلاحیت قاری اور نعت خواں مصطفی ﷺ کے طور پر ابھرے گی، جو کہ اس علاقے کے لیے باعثِ افتخار ہوگا۔
