0

تحصیل پنڈ دادن خان کا سب سے بڑا اور معروف قصبہ للہ شریف میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت

پنڈ دادن خان ( بیورو چیف ملک ظہیر اعوان )تحصیل پنڈ دادن خان کا سب سے بڑا اور معروف قصبہ للہ شریف میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت، غریب آبادی مشکلات کا شکار ،للہ شریف جو پنجاب کے بڑے اور معروف قصبوں میں شمار ہوتا ہے، اس وقت پانی کے سنگین بحران کا شکار ہے۔ ایک طرف گرمی کی شدت نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، تو دوسری جانب پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک خواب بنتی جا رہی ہے۔ عوامی شکایات کے مطابق واٹر سپلائی کا پانی نہ صرف ناقابل استعمال بلکہ مضر صحت ہے، جس سے علاقے میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ پانی کی فراہمی میں غیر منصفانہ تقسیم کی جا رہی ہے۔ جہاں بااثر افراد کے علاقے ہیں، وہاں روزانہ گھنٹوں پانی فراہم کیا جاتا ہے، جب کہ غریب اور کمزور طبقے والے محلہ جات کو آٹھ سے دس دن تک پانی سے محروم رکھا جاتا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی غریب شہری شکایت کرنے کی کوشش کرے تو اس کی بات سنی نہیں جاتی بلکہ اکثر اسے بے عزتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ واٹر سپلائی کے بیشتر ملازمین بااثر افراد کے زیر اثر ہونے کی وجہ سے صرف انہی علاقوں کو ترجیح دیتے ہیں۔
ایک شہری نے بتایا کہ آج دس دن بعد پانی کا نمبر آیا لیکن پوری رات جاگ کر اور موٹر چلا کر بھی پانی حاصل نہ ہو سکا۔ متعدد بار متعلقہ حکام اور یہاں تک کہ اسسٹنٹ کمشنر صاحبہ کو بھی اطلاع دی گئی، مگر تاحال مسئلہ جوں کا توں ہے۔ پبلک ہیلتھ کا محکمہ خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔
عوامی مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لے، واٹر سپلائی کے نظام کو منصفانہ بنایا جائے اور پانی کی فراہمی کو تمام شہریوں کے لیے یکساں یقینی بنایا جائے۔ ورنہ عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔