نئی دہلی( اے بی این نیوز )بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ضلع بالاسور میں چنئی جانے والی نیو جلپائیگڑی چنئی ایکسپریس ٹرین پٹری سے اُتر کر ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جنوب مشرقی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر اوم پرکاش چرن کے مطابق، ٹرین کولکتہ سے آ رہی تھی اور سابرا ریلوے اسٹیشن کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انجن میں خرابی کا انکشاف ہوا ہے، تاہم اس واقعے کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد سینکڑوں افراد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے، اور پٹری سے اُترے ہوئے ٹرین کے دونوں طرف لوگوں کا ہجوم دیکھنے کو ملا۔
یہ حادثہ اس ضلع میں گزشتہ سال پیش آنے والے خوفناک ٹرین سانحے کے بعد پیش آیا، جس میں 296 افراد ہلاک اور 1200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ 2 جون 2023 کو کورومنڈل ایکسپریس بہانگا بازار اسٹیشن کے قریب کھڑی ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، جس کے بعد کچھ ڈبے پٹری سے اُتر کر ایک اور تیز رفتار ٹرین یشونت پور-ہوڑہ ایکسپریس سے ٹکرا گئے تھے۔
اس سے قبل 5 فروری کو اوڈیشہ کے روڑکیلا میں ایک مال بردار ٹرین پٹری سے اُتر کر ایک رہائشی علاقے میں گھس گئی تھی، جس سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ اگرچہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اگر ٹرین صرف پانچ میٹر مزید آگے بڑھ جاتی تو یہ جھونپڑیوں سے ٹکرا کر ایک بڑا سانحہ بن سکتا تھا۔
The post ٹرین کو بڑا حادثہ پیش آ گیا ،پٹری سے اتر کر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی appeared first on ABN News.