اسلام آباد ( اے بی این نیوز )چیمپئینز ٹرافی 2025 کے سب سے بڑے ٹاکرے کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کل ہونے والے اس میچ کے لیے پاکستان نے ایک بڑی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ سے قبل طویل پریکٹس سیشن کیا، جس میں بابر اعظم نے بیٹنگ کی مشق کی اور بولرز نے بھی بھرپور پریکٹس کی۔ پاکستان کے کوچ عاقب جاوید اور کپتان محمد رضوان نے کھلاڑیوں سے میچ کی اہمیت پر تفصیل سے بات کی اور اگلے میچ کے لیے حکمت عملی طے کی۔
پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کو ہر میچ میں کامیابی کی ضرورت ہے۔ اگر پاکستان کو بھارت کے خلاف شکست کا سامنا ہوتا ہے، تو سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات کم ہو جائیں گے۔
بھارتی کھلاڑیوں نے چیمپئینز ٹرافی 2025 کے فائنل میں پاکستان کے ساتھ مقابلے کی خواہش ظاہر کی۔ بھارتی آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے کہا کہ اگر فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو تو شائقین کے لیے یہ ایک شاندار مقابلہ ہوگا۔ بھارتی فاسٹ بالر محمد شامی نے بھی کہا کہ اگر فائنل دلچسپ بنانا ہے تو پاکستان کے ساتھ ہونا چاہیے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی فائنل کھیل سکتی ہے۔
یہ میچ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک سنسنی خیز مقابلہ ثابت ہونے والا ہے، جس میں دونوں ٹیمیں اپنی بہترین حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
The post چیمپئینز ٹرافی کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان بمقابلہ بھارت،مقابل کو پچھاڑنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی سامنے آگئی appeared first on ABN News.