0

دریائے جہلم پر موٹروے پُل کے ساتھ پیدل چلنے اور موٹر سائیکل کے لئے راستہ دیا جائے،ڈاکٹر طیب مرتضی

پنڈدادنخان(ملک ظہیر اعوان) دریائے جہلم پر موٹروے پُل کے ساتھ پیدل چلنے اور موٹر سائیکل کے لئے راستہ دیا جائے ہمارا علاقہ ضلع جہلم کا وہ بد نصیب علاقہ ہے جس کو ہمیشہ سے نظر انداز کر کے بدحالی کا شکار کر دیا گیا ہے۔ ہمارے علاقے کے لوگ اکثر پنڈ دادنخان کے تکلیف دہ سفر سے بچنے کے لیے بھیرہ اور بھلوال کا سفر کرتے ہیں۔ مگر دریائے جہلم اس سفر میں بہت بڑی رکاوٹ کا باعث بن رہا ہے۔ لوگ گھنٹوں تک کشتی کا انتظار کرتے ہیں تاکہ وہ دریا کو عبور کر سکیں۔ سب سے اہم بات علاقہ پنوار کا ابائی قبرستان دریا کی دوسری جانب واقع ہے جب کبھی کوئی فوتگی ہو جاتی ہے تو میت کو کشتی کے ذریعے دریا کی دوسری جانب پہنچایا جاتا ہے۔ جو کہ انتہائی دکھ اور تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ کیونکہ غریب کی اب بہترین سواری موٹر سائیکل بن چکی ہے جب لوگ کشتی پر بیٹھ کر دریا عبور کر رہے ہوتے ہیں تو جب ان کی نظر دریا پر موجود موٹر وے پُل سے گزرتی بڑی بڑی گاڑیوں کو دیکھتی ہیں تو احساس کمتری کا احساس ان کے جگر کو پاش پاش کر دیتا ہے کہ کیا ہمیں یہ حق حاصل نہیں کہ ہمیں بھی اس طرح کی کوئی سہولت دی جائے۔ان خیالات کا اظہار علاقہ کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر طیب مرتضی نے اوصاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حالانکہ جتنے دریا ہیں اُن دریاؤں پر پُل بنے ہوئے ہیں، دریائے جہلم پر موٹروے گزارنے کے لئے پُل بنا دیا گیا ہے پر عوام کی سہولت کے لئے پیدل چلنے یا موٹرسائیکل کے لئے راستہ نہیں بنایا گیا، دریائے چناب پر موٹروے پُل کے ساتھ علیحدہ اتنا بڑا پُل بنایا گیا ہے پیدل، موٹرسائیکل کیا وہاں سے بڑی بڑی گاڑیاں گزر سکتی ہیں، اور ہمارے دریائے جہلم پر صرف پیدل چلنے یا موٹرسائیکل گزانے کے لئے جگہ نہیں ہے،
ہماری اعلیٰ حُکام سے علاقہ عوام کی التجا ہے کہ دریا پر موجود پل کے ساتھ ایک سائیڈ سے راستہ دیا جائے تاکہ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے اسانی پیدا ہو سکے عوام کو کشتی کا گھنٹوں انتظار نہ کرنا پڑے،