0

جہلم منڈی میں بولی کے بعد آڑھتی سبزی و فروٹ دکانداروں کو مہنگے داموں فروخت کرنے لگے

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے بعد آڑھتی سبزی و فروٹ دکانداروں کو مہنگے داموں فروخت کرنے لگے، منڈی سے سبزی و فروٹ فروش مہنگے داموں سبزیاں و فروٹ خریدنے پر مجبور، عام صارف بھی سرکاری نرخ ناموں کے برعکس مہنگی سبزیاں و فروٹ خریدنے کیوجہ سے سراپا احتجاج، چھوٹے دکانداروں و صارفین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے اور انتظامیہ کو بولی کے وقت منڈیوں میں موجودگی کا مطالبہ کردیا، تفصیلات کے مطابق صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی میں آڑھتی بولی سے قبل سستے داموں سبزی و فروٹ خرید لیتے ہیں لیکن چھوٹے دکانداروں کو اس سے کئی گنا مہنگے داموں سبزی و فروٹ فروخت کرتے ہیں۔ اس حوالے سے چھوٹے دکانداروں کا کہنا ہے کہ علی الصبح انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں کوئی ذمہ دار افسر موجود نہیں ہوتا۔ جس کیوجہ سے آڑھتی من مرضی کے نرخ مقرر کرکے سبزیاں و فروٹ فروخت کردیتے ہیں، دکاندار مہنگے داموں سبزیاں و فروٹ خرید کر سرکاری نرخ نامے کے مطابق کسی صورت فروخت نہیں کر سکتے،جبکہ نرخ نامے دن 11 بجے کے بعد دکانداروں کو دئیے جاتے ہیں جس میں سرکاری نرخوں میں نرخ بہت کم دکھائے جاتے ہیں اسی وجہ سے عام صارف اور دکانداروں کے درمیان توں تکرار، لڑائی جھگڑا ہونا روزانہ کا معمول بن چکا ہے، دکانداروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب بولی کے وقت ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے ذمہ دار موجود ہی نہیں ہونگے تو سبزی وفروٹ منڈی میں آڑھتی کسی صورت سستی اشیاء فروخت نہیں کریں گے، چھوٹے دکانداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ سستی اور معیاری اشیاء کی فروخت کے لئے انتظامیہ اپنے نمائندے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے وقت بھجوائیں جو بولی کے وقت نرخوں کو مانیٹر کریں تاکہ عام صارفین کو سرکاری نرخوں کے مطابق سبزیاں و فروٹ مل سکیں۔