جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم محکمہ تعلیم نے وزیر اعلی پنجاب کا مفت تعلیم اور مفت کتابیں دینے کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا، 3 ہفتے گزرنے کے باوجود سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کتابوں سے محروم، زیر تعلیم قوم کے معماروں کا سال ضائع ہونے کا خدشہ، والدین کا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے درسی کتب جلد مہیا کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جہلم سمیت ضلع بھر میں یکم اپریل 2024 سے نئے تعلیمی سال کا سرکاری سکولوں میں آغاز ہو چکا ہے۔ تمام سرکاری پرائمری و ہائی سکولز میں درسی کتب مفت فراہم کرنے کے حکومت کی طرف سے احکامات جاری کئے گئے لیکن محکمہ تعلیم پنجاب اور جہلم کے افسران کی عدم توجہی کی وجہ سے شہر سمیت ضلع بھرکے سینکڑوں پرائمری و ہائی سکولز میں درسی کتب فراہم نہ کی جاسکیں، طلباء و طالبات اور ان کے والدین کا کہنا ہے بچے تقریباً 3 ہفتوں سے روزانہ سکولوں میں جا رہے ہیں لیکن ان کے پاس درسی کتب نہیں اور بچے سکولوں میں پڑھائی کی بجائے کھیل کود کر اپنا وقت ضائع کر کے گھروں کو واپس آجاتے ہیں جس کی وجہ سے جماعت نہم اور دہم کے بچوں کا قیمتی سال ضائع ہونے کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے۔ طلباء و طالبات کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرکاری سکولوں میں درسی کتب مہیا کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
0