حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی سر سے اونچا ہوچکا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لال حسین نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی سر سے اونچا ہوچکا ہے،سلیکٹڈ وزیراعظم کو آج باور ہوگیا ہوگا کہ سونامی کا مطلب ہی تباہی ہے جو آج ہر طرف نظرآرہی ہے، انہوں نے کہا کہ چینی، آٹامافیا جتنے مرضی طاقتور ہوں مگر حکومت سے زیادہ نہیں ہو سکتے، حکومت سنجیدگی سے مافیا سے نمٹنا ہی نہیں چاہتی، ضلعی افسران مہنگائی کے خلاف صبح سویرے منڈیوں، بازاروں میں نکلتے ہیں اور فوٹو سیشن کے بعد سب اچھا ہے کی رپورٹ دیکر اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہوجاتے ہیں، جبکہ عوام کو مہنگائی کے طوفان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اور بیورو کریسی 3 سال بعد بھی ایک پیج پر نہیں آسکے، جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، مسلم لیگ ن مہنگائی کے طوفان میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی، اس لئے حکمرانوں کے خلاف تحریک نجات شروع کی گئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان بغیر چیلنجز کو پورا کئے معاشی بدحالی سے باہر نہیں آسکتا، اس لئے نواز شریف کے ہاتھ مزید مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے، جس کے لئے تمام مکاتب فکر کو کردار ادا کرنا چاہیے، اگر آج پاکستان کی عوام کے لئے سیاسی جماعتیں متحدنہ ہوئیں تو آنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی، ایٹمی قوت رکھنے والی ریاست پاکستان کا انتظام نااہلوں کے ہاتھوں میں ہے، جو کسی بھی مشکل میں مبتلا کر سکتے ہیں، نااہل حکمرانوں نے سٹیٹ بینک سمیت قومی اداروں کا بیڑا غرق کر دیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خصوصاً نوجوان مستقبل اور پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی حقیقی تعبیر کا روپ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئینی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ پر ڈٹی رہے گی، مسلم لیگ ن سلیکٹڈ اور نااہل حکمرانوں کیخلاف کسی کو بھی فرینڈلی اپوزیشن نہیں کرنے دیگی مہنگائی، بیروزگاری اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ن لیگ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، کارکن اپنے قائد میاں نواز شریف کے بیانیہ کا جھنڈااٹھائے ہوئے ہیں، مشکل حالات میں پارٹی بیانیہ کو فروغ دینے والے کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔