جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر کی سڑکوں کے ارد گرد تجاوزات سے ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا، با اثر قبضہ گروپوں نے تجاوزات قائم کرکے ہسپتالوں، سکولوں، کالجوں،کچہری، اکاؤنٹس آفس جانے والوں کے راستے بندکر دیئے، منع کرنے پر قبضہ گروپوں کا شہریوں کے ساتھ توں تکرار کا سلسلہ جاری۔ شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب،ڈی ایس پی ٹریفک، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے ناجائز تجاوزات، قبضہ مافیا کیخلاف بلا امتیاز گرینڈ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی اہم سڑکوں، چوک چوراہوں کے ارد گرد ناجائز تجاوزات، رکشوں اسٹینڈزاورریڑھی بانوں کی بھر مار کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔شہرکی سڑکوں، چوک چوراہوں، بازاروں میں پیدل چلنا بھی دشوار ہوچکا ہے۔ تجاوزات اور قبضہ گروپوں کی غنڈہ گردی نے شہریوں کا سکون تباہ کرنے سمیت ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بن رہے ہیں۔ تجاوزات کرنے والے گروپوں کی غنڈہ گردی کی وجہ سے لڑائی جھگڑے معمول بنتے جارہے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب،ڈی ایس پی ٹریفک، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے تجاوزات مافیا کیخلاف بلا امتیاز گرینڈ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے
0