0

جہلم سول لائن روڈ پر پالتو،آوارہ مویشیوں کا مٹر گشت

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم سول لائن روڈ پر پالتو،آوارہ مویشیوں کا مٹر گشت، سول لائن روڈ پر لگائے گئے پودے مویشیوں کی خوراک بننے لگے، میونسپل کمیٹی نے لاتعلقی اختیار کر لی، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کلین اینڈ گرین مہم کے تحت سول لائن روڈ پر محکمہ جنگلات کی جانب سے قیمتی پودے لگائے گئے جن کی دیکھ بھال کی ذمہ داری میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کے سپرد کی گئی، میونسپل کمیٹی کے ملازمین چند ماہ قبل تک یہ ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دیتے رہے اور آوارہ مویشیوں کا مٹر گشت روکنے کے لئے مشین محلہ میں پھاٹک بھی قائم کیا گیا، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹی کے عملے نے پودوں کی دیکھ بھال اور آوارہ مویشیوں کو پھاٹک میں بند کرنے کی بجائے لا تعلقی اختیار کر لی ہے جس کیوجہ سے شہر کی سڑکوں پر پالتو، آوارہ مویشیوں کے جھنڈ سڑکوں کے عین وسط اور اطراف میں لگائے گئے پودوں کا صفایا کرتے دکھائی دیتے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کی عدم دلچسپی کیوجہ سے سول لائن روڈ، کچہری روڈ پر لگائے گئے پھولدار، پھلدار، سایہ دار پودے مویشیوں کی خوراک بن رہے ہیں۔ شہریوں تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے متعلقہ ذمہ داران کو ذمہ داریوں کا احساس دلوایا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی اور سرسبز و شاداب پودے قائم و دائم رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں