0

9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو معافی نہیں ملے گی: وزیر اطلاعات

مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی قومی سانحہ کا دن تھا، اس دن عمران خان کے اکسانے پر وہ کچھ ہوا جو ازلی دشمن بھی نہیں کرسکا تھا، یہ واقعات ملک دشمنی اور بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں، فوجی تنصیبات پر سوچی سمجھی سازش کے تحت حملے کرائے گئے، ملوث افراد اور منصوبہ سازوں…

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کا دن قومی سانحہ تھا، حساس تنصیبات پر منصوبہ بندی کےذریعے حملے کئے گئے، شہدا کی یادگاروں کو نذر آتش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر شرپسندوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے اسپتال، اسکول، ایمبولینس کو جلایا، شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جاسکتی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں، شرپسندوں کے خلاف افواج قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، املاک پر حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، اس ضمن میں قومی سلامتی کمیٹی اس واضح اعلامیہ جاری کر چکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک مسلح جتھوں کی پناہ گاہ ہے، عمران خان کہہ چکے ہیں اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو پھر ردعمل آئے گا، شرپسندوں نے عام آدمی کی سواری میٹرو بس کو بھی نقصان پہنچایا، عمران نے لوگوں کو ملک دشمنی پر اکسایا۔

سیاسی و نجی املاک کے نقصان اور ہنگامہ آرائی پر لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شرپسندوں نے وہ کیا جو بدترین دشمن بھی نہ کرسکا، زمان پارک آج بھی مجرموں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، ان سب کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اس ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جس پر ہمسایہ ملک میں شادیانے بجائے گئے، یہ وہ سانحہ ہے جو میرے اور آپ کے ملک پر حملہ ہے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، لہٰذا ان تمام لوگوں کا ٹرائل کیا جائے گا۔