0

حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملے کی ویڈیو جاری کردی

حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملے کی ویڈیو جاری کردی
غزہ پر اسرائیلی بربریت اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے بعد حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، حزب اللہ نے اپنے تازہ حملے میں اسرائیلی فوج کے متعدد ٹینک اور جاسوسی آلات تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پراسرائیلی جارحیت کے بعد تشدد کی لہر میں اضافہ سامنے آرہا ہے، عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں عین الاسد اور حریر بیس پر بھی ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے چار گھنٹوں میں اسرائیل کے تین علاقوں پر بھی حملوں میں جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا۔

لبنانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل کے ٹینکوں اور جاسوسی کے آلات پر حملے کیے جس سے اسرائیلی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حزب اللہ نے لبنان کے سرحدی علاقے پر اسرائیلی فوج کے گلیلی ڈویژن کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کو گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا ہے کہ غزہ کے ہسپتال پر ہونے والے حملے کے بارے میں مکمل حقائق کو فوری طور پر سامنے لایا جائے۔

یورپی کمیشن کی صدر نے یورپی یونین کے قانون سازوں کو بتایا کہ اس حوالے سے کسی کو بھی حیلے بہانے بنانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ حقائق کو جلد ازجلد بغیر کسی سستی کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔