انگلش اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں 3 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب جونی برسٹو 2 رنز بناکر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ساتویں اوور میں 33 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ 11 رنز بناکر مجیب الرحمان کا شکار بنے۔ تیرہویں اوور میں 68 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ ملان 32 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کپتان جوز بٹلر 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جنہیں نوین الحق نے آؤٹ کیا۔ لیام لیونگ اسٹون 10 ، سیم کرن 10 اور کرس ووکس 9 رنز بناسکے۔ ہیری بروک 66 اور عادل رشید 20 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 49.5 اوورز میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، افغان اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 114 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔
تاہم ابراہیم زادران 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محض 8 رنز کے اضافے سے افغان بیٹرز نے 2 وکٹیں مزید گنوائیں، رحمت شاہ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان حشمت اللہ شاہدی محض 14، عظمت اللہ عمرزئی 19، محمد نبی 9، راشد خان 23، مجیب الرحمان 28 رنز بناسکے۔
افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش بولرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 58 گیندوں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 جبکہ اکرام علی خیل نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلیںڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون، ریس ٹوپلی اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی افغان ٹیم کو کم از کم اسکور پر آؤٹ کرکے فتح یقینی بنائیں۔