0

منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

پرویز الہیٰ
لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چوہدری پرویز الہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کی عدالت میں پیش کیا۔

پرویز الہٰی کے وکلا عامر سعید راں اور آصف چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔

سماعت شروع ہونے سے قبل کمرۂ عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس اور ایف آئی اے کے اہلکاروں نے صحافیوں کو کمرۂ عدالت سے باہر نکال دیا تھا۔

اس سے قبل سروسز اسپتال لاہور کے ڈاکٹروں نے کیمپ جیل میں پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کیا، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کو صحت مند قرار دیا۔

ڈاکٹروں کے طبی معائنے کے بعد ایف آئی اے نے پرویز الہٰی کو حراست میں لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں