0

وزیر اعظم کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم

شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے یونان کےقریب بحیرۂ روم میں کشتی الٹنےکے واقعے کی انکوائری کی ہدایات جاری کر تے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کر کے سزائیں دینے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

وزیر اعظم کی ہدایت پرایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔

چیف سیکٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارت خانے اور یونانی حکّام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کر دیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یونان میں پاکستانی سفارت خانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی بھی ہدایت دی ہے۔

وزیرِ اعظم نے یونان کےقریب بحیرۂ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں