0

پی ٹی آئی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

پی ٹی آئی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ ثانیہ کامران کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے بعد جو واقعات پیش آئے انتہائی افسوسناک ہیں، کپتان کے اردگرد لوگ پُرتشدد سیاست کرنا چاہتے تھے۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ثانیہ کامران نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پچھلے 15 سال سے پنجاب میں سیاسی جدوجہد کر رہی ہوں، شخصیات ریڈ لائن نہیں ہوتیں پاکستان ریڈ لائن ہے۔

سابق پی ٹی آئی کی رہنما نے کہا کہ سیاست چھوڑنے کا اعلان کرنے والوں کو چاہیے کہ قوم اور فوج سے معافی مانگیں، 9 مئی کے واقعے میں ملوث ہر کردار کو کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج زرداری صاحب ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھا سکتے ہیں، میں پیپلز پارٹی کے ووٹرز اور سپورٹرز سے گزارش کرتی ہوں کہ مجھے قبول کریں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی ایک بار پھر مقبولیت کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ گراس روٹ لیول سے اوپر آنے والے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ آج ثانیہ کامران صاحبہ پیپلز پارٹی کی فیملی کا حصہ بنی ہیں، پیپلز پارٹی پیار، محبت، اخلاص اور عزت دینے والی جماعت ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایک ایک پریس کانفرنس کرکے دودھ کے دھلے بننے والے اصل ملزم ہیں، ان لوگوں نے سال ڈیڑھ سال میں نوجوانوں کو منظم طریقے سے لڑوایا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ نوجوانوں کو اداروں پر چڑھائی کرنے کی کال دیتے رہے، سیاسی احتجاج کرنے والے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جاتے ہیں، میری اپیل ہے کہ آلہ کار بننے والوں کی معافی قبول کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں