اسلام آباد (اے بی این نیوز) نادرا نے شہریوں کے لیے نئی سہولت کا اعلان کر دیا۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ نادرا کے سروس سینٹرز پر اپوائنٹمنٹ کی بکنگ کی سہولت جلد ہی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں شامل کی جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد نادرا دفاتر میں رش کو کم کرنا اور شہریوں کو بروقت اور آرام دہ خدمات فراہم کرنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے میں ملک بھر میں نادرا کے 43 منتخب رجسٹریشن مراکز پر تقرری کا یہ نظام فعال کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد اس سسٹم میں بتدریج مزید مراکز کا اضافہ کیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق چاہے آپ پاکستان میں ہوں یا بیرون ملک، پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نہ صرف اپائنٹمنٹ لی جا سکتی ہے بلکہ شناختی دستاویزات کی فیس بھی باآسانی ادا کی جا سکتی ہے۔
اس جدید فیچر کی بدولت شہری لمبی قطاروں سے بچ سکیں گے اور وقت کی بچت کر سکیں گے۔ نادرا کے اس اقدام کو ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے جس سے لاکھوں شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت جلد ہی عوام کے لیے دستیاب ہوگی جس کی مزید تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں :ملک میں جاری سیاسی انتقام کا سلسلہ اب رکنا چاہیے،بیرسٹر گوہر
The post نادرا کی جانب سے شہریوں کیلئے ایک اور زبردست سہولت کا اعلان،جا نئے کیا appeared first on ABN News.