ریاض ( اے بی این نیوز ) سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے مملکت سعودی عرب کی جانب سے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے 3 ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ مدت 5 دسمبر 2024 کو ختم ہورہی تھی جس پر 3 ارب ڈالر سعودی عرب کو واپس کیے جانے تھے تاہم اس میں مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ مدت 3 دسمبر 2023 کو ختم ہوئی تھی، اس طرح اس مدت میں تیسری بار توسیع کی گئی ہے۔ مذکورہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرادی گئی ہے۔
ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد کا تسلسل ہے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے اور ملک کی ترقی میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ SFD کے ساتھ ابتدائی 3 بلین ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر 2021 میں دستخط کیے گئے تھے، جب کہ بعد میں اس مدت کو 2022 اور 2023 میں ایک ایک سال کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔شاہی ہدایت پر دستخط کیے گئے یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں :مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر حکومتی وفد پہنچ گیا
The post سعودی عرب نے پاکستان کے خزانے میں جمع کرائے گئے 3 ارب ڈالرز کی مدت میں مزید توسیع کردی appeared first on ABN News.