0

تحصیل پنڈ دادن خان کی تباہ حال سڑکیں اور دریائے جہلم میں اوورلوڈ کشتیاں


پنڈ دادن خان (رپورٹ بیورو چیف ملک ظہیر اعوان ،فوٹو بابر اعوان )تحصیل پنڈ دادن خان کی تباہ حال سڑکیں اور دریائے جہلم میں اوورلوڈ کشتیاں ، موٹروے پل کی دونوں سائیڈوں پر راستے فراہم کرنے کا مطالبہ
تحصیل پنڈ دادن خان ضلع جہلم کا ایک اہم حصہ ہے جہاں کی سڑکوں کی حالت اور ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع شہریوں کے لیے ایک مستقل مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔ علاقے میں سڑکوں کی خستہ حالی، دریائے جہلم میں اوورلوڈ کشتیاں، اور موٹروے پل کے دونوں سائیڈوں پر راستے نہ ہونے جیسے مسائل نے شہریوں کے لیے نقل و حرکت کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔ شہری تنظیموں اور مقامی آبادی نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ لوگوں کو آرام دہ اور محفوظ سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔
تحصیل پنڈ دادن خان کی سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہیں۔ سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے اور کھڈے موجود ہیں، جن میں بارش کے موسم میں پانی جمع ہونے سے سفر مزید دشوار ہو جاتا ہے۔ سڑکوں کی خراب حالت کے باعث آئے روز حادثات پیش آتے ہیں، جس سے نہ صرف گاڑیوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ قیمتی انسانی جانیں بھی خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ شہریوں کے مطابق حکومت کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے وعدے کیے گئے تھے، مگر عملی طور پر کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
تحصیل پنڈ دادن خان میں دریائے جہلم پار کرنے کے لیے کشتیوں کا استعمال عام ہے، مگر بدقسمتی سے ان کشتیوں میں اوورلوڈنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافروں اور سامان کو لادا جاتا ہے، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اوورلوڈ کشتیوں کی وجہ سے پہلے بھی کئی بار حادثات ہو چکے ہیں، جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ کشتی مالکان کو قوانین پر عمل درآمد کرنے اور حفاظت کے اصولوں کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے واضح ہدایات جاری نہیں کی گئیں، جس سے یہ مسئلہ بدستور برقرار ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ کشتی مالکان اور ٹھیکے داران کو پابند بنایا جائے کہ وہ بیک وقت پتن سے دو کشتیاں چلائیں ایک کشتی میں ٹرانسپورٹ لوڈ کی جائے اور دوسری کشتی میں سواریاں بٹھائی جائیں مسافروں کو لائف جیکٹس مہیا کی جائیں اور کشتیوں کی سائیڈوں پر جنگلے لگوائے جائیں
پنڈ دادن خان کے شہریوں کا ایک دیرینہ مطالبہ یہ ہے کہ موٹروے پل کے دونوں سائیڈوں پر راستہ فراہم کیا جائے۔ اس وقت موٹروے پل کے دونوں جانب سے راستہ نہ ہونے کے باعث لوگوں کو دریائے جہلم پار کرنے کے لیے کشتیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ پل کے ذریعے آمد و رفت کی سہولت ملنے سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ سفری اخراجات بھی کم ہوں گے اور حادثات کا امکان بھی کم ہو جائے گا۔ پل پر راستہ فراہم کرنا نہ صرف اس علاقے کی ترقی کے لیے ضروری ہے بلکہ لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ضمنی نمبر ایک
پنڈ دادن خان( بیورو چیف )
تحصیل پنڈ دادن خان کی عوام اور شہری تنظیمیں حکومت سے پُرزور مطالبہ کر رہی ہیں کہ حکومت علاقے کی سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کو یقینی بنائے تاکہ شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم ہو۔

ضمنی نمبر 2
ٹوبھہ (نمائندہ اوصاف ) دریائے جہلم میں کشتیوں کی نگرانی کی جائے ، انتظامیہ کشتی مالکان کو اوورلوڈنگ سے روکنے کے لیے موثر قوانین نافذ کرے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔

ضمنی نمبر 3
پنڈ دادن خان (بیورو چیف )
موٹروے پل کے دونوں طرف راستے کی فراہمی یقینی بنائی جائے موٹروے پل کے دونوں سائیڈوں پر راستہ فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو دریائے جہلم پار کرنے میں آسانی ہو اور کشتیوں پر انحصار کم کیا جا سکے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے اگر ان مسائل پر توجہ دیں تو نہ صرف علاقے میں ترقی کی راہ ہموار ہوگی بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں بھی آسانیاں آئیں گی۔ پل کی سائیڈوں پر راستے بنوانے میں ایم پی اے صہیب بھرتھ ، ایم این اے ڈاکٹر اعجاز بھرتھ اور ایم این اے چوھدری فرخ الطاف خصوصی توجہ دیں