0

جاپان جانے کے خواہشمند سیاحوں کیلئے اہم خبر آگئی

جاپان نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے موجودہ ٹیکس فری سسٹم پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جاپان نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے موجودہ ٹیکس فری سسٹم پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کے لیے روبہ عمل ٹیکس فری نظام کے غلط استعمال کی وجہ سے جاپانی حکومت اس نظام میں تبدیلی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

نظرثانی نظام کے تحت گاہک خریداری کے وقت تو ٹیکس ادا کریں گے تاہم اس کی واپسی کے لیے وہ بعد میں درخواست دے سکیں گے۔

 ٹیکس فری سسٹم کے تحت اس وقت جاپان میں غیر ملکی سیاح مخصوص اسٹورز پر صارف ٹیکس ادا کیے بغیر سامان خرید سکتے ہیں، اس کے لیے دکانوں پر خریداروں کی شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دکانوں پر اس بات کو بھی یقینی بنایا جانا ہے کہ خریدی گئی اشیا دوبارہ فروخت نہ ہوں کیوں کہ یہ غیر قانونی ہے، تاہم ایسے سیاح بھی دیکھے جا رہے ہیں جو بغیر ٹیکس ادا کیے اشیا خرید لیتے ہیں اور پھر وہ اشیا جاپان ہی میں منافع کے ساتھ فروخت کر دیتے ہیں۔

کچھ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور اسمارٹ فون بیچنے والے آؤٹ لیٹس پر اس حوالے سے جرمانے بھی عائد کیے جا چکے ہیں کہ انھوں نے ٹیکس فری سسٹم کے تقاضے پورے کیے بغیر اشیا فروخت کیں۔

تاہم اس مسئلے سے مستقل طور پر نمٹنے کے لیے اب حکومت یہ چاہتی ہے کہ غیر ملکی سیاح خریداری کے وقت صارف ٹیکس ادا کریں، اور پھر جاپان چھوڑتے وقت مذکورہ اشیا دکھا کر ادا شدہ ٹیکس کی رقم واپس حاصل کر لیں۔