0

عمر گل کا شاداب خان سے متعلق بڑا انکشاف

عمر گل کا کہنا ہے کہ شاداب خان نے انجری کا بہانا بنا کر جان چھڑائی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل کا کہنا ہے کہ شاداب خان نے انجری کا بہانا بنا کر جان چھڑائی ہے۔

گزشتہ روز چنئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 26ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی، جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مسلسل چوتھی شکست پر سابق کرکٹرز کی جانب سے کپتان اور کھلاڑیوں پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

تاہم جنوبی افریقہ کی اننگز شروع ہوئی تو نائب کپتان شاداب خان فیلڈنگ کے دوران تھرو کرتے ہوئے انجرڈ ہوگئے اور باہر چلے گئے تھے ان کی جگہ اسامہ میر نے بولنگ کی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سابق فاسٹ بولر عمر گل نے شاداب خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پتا نہیں انہیں کس طرح کی انجری ہوئی ہے، آپ گرتے ہو باہر چلے جاتے ہو، فزیو آپ کو چیک کرتا ہے تھوڑی دیر بعد آپ پھر باہر آتے ہو لوگوں کے ساتھ باتیں کرتے ہو پھر چلے جاتے ہو۔

عمر گل نے کہا کہ جب آپ کو پتا چلتا ہے کہ میچ ہماری طرف آگیا ہے تو پھر ڈگ آؤٹ آکر بیٹھ کر ٹیم کا حوصلہ بڑھا رہے ہوتے ہو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے بہانا بنا کر جان چھڑائی ہے، لوگ تو پھر سوال اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بھی کھلاڑی ہے جن کے ہاتھ میں لگی ہے وہ ٹیم کے لیے آئے ہوئے ہیں آپ ٹیم کے سینئر کھلاڑی ہو، مجھے نہیں لگتا کہ شاداب کو کوئی سنگین نوعیت کی انجری ہوئی تھی۔