0

تنخواہوں میں اضافے کیلئے وزیراعظم بھی احتجاج میں شامل

تنخواہوں میں اضافے کیلئے وزیراعظم بھی احتجاج میں شامل
آئس لینڈ میں خواتین کے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج میں وزیراعظم کیترن یاکبڈاٹرز بھی شریک ہو گئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کیترن یاکبڈاٹرز نے خواتین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے جاری احتجاج میں شرکت کی۔ آئس لینڈ میں ملازمت پیشہ خواتین مردوں کے برابر تنخواہ دینے اور خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم پر قابو پانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔

وزیراعظم کیترن نے بیان میں کہا کہ میں آج کام نہیں کروں گی اور مجھے توقع ہے کہ کابینہ میں شامل خواتین بھی آج کام نہیں کریں گی کیونکہ ہم خواتین کو مساوی تنخواہیں دینے کے لیے کیے جانے والے احتجاج کا حصہ ہیں۔ میری حکومت اس بات کا جائزہ لے گی کہ کس طرح ان شعبوں کو آگے لایا اور اہمیت دی جائے جو روایتی طور پر خواتین کے لیے مخصوص سمجھے جاتے ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف مظالم روکنا حکومت کا ایجنڈا تھا اور اس ایجنڈے پر عمل در آمد کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ خواتین کے احتجاج میں اساتذہ، طب کے شعبے اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کرتے ہوئے اپنے کاموں سے چھٹی کی۔