سری لنکا کے 291 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 37.4 اوورز میں 289 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی نیپال کے بعد اب افغانستان بھی ایشیا کپ سے باہر ہوگیا جبکہ سری لنکا سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔
افغانستان کو سپر فور مرحلے میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کا 292 رنز کا ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا جس کی وجہ سے افغانستان نے وکٹیں گرنے کے باوجود جارحانہ کھیل پیش کیا۔
افغانستان کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 50 رنز پر گر گئی تھیں۔ اوپنرز رحمان اللہ گرباز 4 اور ابراہیم زادران 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ گلبدین نائب 22 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
تین وکٹیں جلدی گرنے کے بعد میچ میں افغانستان کی شکست نظر آرہی تھی لیکن رحمت شاہ 45، حشمت اللہ شاہدی 59 اور محمد نبی 65 رنز بناکر ٹیم کو میچ میں واپس لے گئے۔
کریم جنت 22، نجیب اللہ زادران 23 بناکر آؤٹ ہوگئے۔ مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ راشد خان 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی طرف سے کاسن رجیتھا نے 4، دونیتھ ولالیگا اور دھننجایا ڈی سلوا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ مہیش اور متیشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین پہنچایا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے تھے۔ کوشل مینڈس 92، پاتھم نسانکا 41، چارتھ اسالنکا 36 اور دیموتھ کرونارتنے 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب نے 4، راشد خان 2 اور مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی افغان ٹیم کو بڑا ہدف دیکر پریشر میں لائیں۔
اس موقع پر افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سپر فور مرحلے تک رسائی ممکن بنانے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکا کا اسکواڈ
داسن شناکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، دیموتھ کرونارتنے، کوشل مینڈس، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، دونتھ ویلالج، کاسن رجیتھا، مہیش راجہ کاس، متھیشا پاتھیرانا۔
افغانستان کا اسکواڈ
کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، کریم جنت، گلبدین نائب، راشد خان، مجیب الرحمان اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔