0

نگراں وزیراعظم کی نامزدگی پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا

نگراں وزیراعظم کی نامزدگی پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا
نگراں وزیر اعظم کے لیے انوار الحق کاکڑ کا نام فائنل ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے نگراں وزیراعظم کا نام فائنل ہونے پر اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پارلیمان کے اندر اور باہر ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، نگران وزیر اعظم کیلئے کسی بھی سطح پر ہمیں شریک مشاورت نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم مقرر، صدر مملکت نے تقرری کی سمری پر دستخط کردیے

ترجمان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ انوار الحق کاکڑ منصب سنبھالنے کے بعد 3ماہ میں شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے اور عوام کے آئینی وجمہوری حقوق پر مزید آنچ نہیں آنے دینگے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ آئین، جمہوریت کی بقاء اور تسلسل کیلئے ملک بھر میں غیر جانب دارانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد کلیدی اہمیت کا حامل ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو منصفانہ ماحول میں انتخابی مہم چلانے کے مواقع میسر کیے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے مؤثر انعقاد کیلئے ان ناہمواریوں کے خاتمے کی ترجیحی بنیادوں پر تدبیر کریں، پاکستان اس وقت کسی نئی مہم جوئی کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے انوارالحق کاکڑ کی بطورنگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دے دی، صدرنے آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت تعیناتی کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کون ہیں؟

اس سے قبل اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں