0

نگراں وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کیلئے وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کی ملاقات ملتوی

 وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض
نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کی ملاقات کل ہوگی، راجا ریاض کی مصروفیت کے باعث آج ملاقات نہیں ہوگی۔ نواز شریف کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلئے نام فائنل کرکے وزیراعظم کو بتادیا گیا ہے۔

نگراں وزیراعظم کے نام کے معاملے پر آج وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان ہونیوالی ملاقات ملتوی کردی گئی۔ راجا ریاض کی مصروفیت کے باعث اب ملاقات کل ہوگی، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق شہباز شریف اور راجا ریاض کی جانب سے 3، 3 نام دیئے جائیں گے، کل ہونیوالی ملاقات کے بعد حتمی نام کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلئے نام فائنل کرکے وزیراعظم کو بتادیا گیا ہے، دوسری جانب ایم کیو ایم نے نگراں وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام دیا ہے۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا نام ابھی فائنل نہیں ہوا، ہوسکتا ہے کل تک نام فائنل ہو جائے، ایسا نام بھی آسکتا ہے جس پر اب تک بات نہیں ہوئی، ماہر معیشت کی طرف بات جائے تو حفیظ شیخ معتبر نام ہے۔

انہوں نے انتخابات میں تاخیر کا بھی عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئینی تقاضہ ہے کہ حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں، نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن فروری یا مارچ تک جا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں