0

چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ایک ہفتے میں معطل ہوجائے گی، وکیل کا عدالت میں دعویٰ

پی ٹی آئی کا جھنڈا
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اے ٹی سی لاہور میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ایک ہفتے میں معطل ہوجائے گی اور وہ آزادی کو انجوائے کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اے ٹی سی میں 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ان کی اپیل آج دائر کر ہے ہیں، امید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ایک ہفتے میں معطل ہوجائے گی اور وہ جلد اپنی آزادی کو انجوائے کریں گے۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ آپ اپیل سماعت کے لئے مقرر ہونے اور سزا معطل ہونے پر اتنا پرامید کیوں ہیں، جس پر برہان معظم ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی آپ کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر حالات و واقعات ایسے ہیں کہ وہ پیش نہیں ہو سکتے۔

وکیل برہان معظم نے استدعا کی کہ آپ درخواست گزار کے پروٹیکشن آرڈر جاری کریں، اس پر اسپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے کہا کہ اس کا قانون بڑا کلئیر ہے آپ ان کی ضمانتیں مسترد کریں۔

بعد ازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں تحریک انصاف کے چیئرمین کی عبوری ضمانتوں میں حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ فوجداری کیس میں 3 سال قید اور 5 سال نااہلی کی سزا سنائے جانے کے بعد زمان پارک لاہور سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں