بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں 22 سالہ شادی شدہ خاتون کو اس کے شوہر نے پیٹا اور پھر گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سادھنا راجک نے چائے بنانے میں تاخیر کی تو اس پر ناراض شوہر موہت راجک نے اس سے جھگڑا کیا اور پھر گلا دبا کر اسے مار ڈالا۔
یہ واقعہ گوالیار کے یونیورسٹی تھانہ علاقے کے تھاٹی پور گاؤں میں منگل کی صبح کو پیش آیا، مقتولہ کے والدین کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
سادھنا کی شادی موہت راجک سے 3 سال قبل ہوئی تھی، لانڈری کا کام کرنے والے موہت کی اپنی بیوی کے ساتھ گزشتہ ایک سال سے لڑائی جھگڑے چل رہے تھے، منگل کی صبح بھی دونوں کے درمیان لڑائی ہوئی، ایک گھنٹے بعد اچانک سادھنا اپنے گھر میں مردہ پائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کی گردن پر زخموں کے نشانات تھے، جس پر پولیس نے فارنسک ماہر کو بلایا اور سادھنا کی لاش کا معائنہ کروایا، اور بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے لاش بھجوا دی۔