0

ن لیگ کو دوبارہ موقع ملا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے: نواز شریف

نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کو دوبارہ موقع ملا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے ن لیگی رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کیس میں 5 سالہ نا اہلی کی سزا ختم ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

نوازشریف کا کہنا ہے کہ جھوٹے مقدمات، نااہلی اور ہرطرح کے ظلم کو میں نے اور میرے ساتھیوں نے صبرو استقامت سے برداشت کرلیا۔ مگرنا انصافی پرمبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی۔

نوازشریف نےمزید کہا 2017 کے پھلتے پھولتے پاکستان کو جبراورنا انصافی کے فیصلوں نے 2022 تک اس نہج تک پہنچایا، غریب عوام دووقت کی روٹی کو ترس گئی۔ اگراللہ نے ن لیگ کو دوبارہ موقع دیا تو2017 سےبہتر پاکستان بنائیں گے،انشااللہ۔

اس سے قبل اپنی نااہلی کے خاتمے پر لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سیاست نوازشریف کے گرد گھومتی ہے،آنے والے الیکشن کو نوازشریف ہی لیڈ کریں گے، نوازشریف ہی چوتھی باروزیراعظم بنیں گے۔

طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے انتخابات کو بروقت کروانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے،پاکستان کا آئین کہتا ہے کہ بلوائی الیکشن میں حصہ نہیں لےسکتا،آئیں میں لکھاہے کہ جو فارن فنڈنگ لے وہ انتخابات نہیں لڑسکتا۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارنے طلال چوہدری کی ایک عوامی جلسے سے تقریر پر نوٹس لیا تھا،جس کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے 02 اگست 2018ء کو توہینِ عدالت کے ایک مقدمے میں طلال چوہدری کو 5 سال کے لیے نا اہلی کی سزا سنائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں