0

پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔ مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ، وفاقی وزرا اور چینی وفد کے ارکان نے شرکت کی۔

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال، دیگر وفاقی وزرا اور چینی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔

چین اور پاکستان کے درمیان ایم ایل ون کے فریم ورک اور شاہراہ قراقرم کی ری الائنمنٹ سمیت مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔

تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ اہم دستاویزات پر دستخط ہوئے ہیں جس سے معاشی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر 25 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔

اس سے پہلے چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ کی وزیرِ اعظم ہاؤس آمد کے موقع پر شہباز شریف نے چینی مہمان کا استقبال کیا اور کابینہ کے اراکین سے تعارف کرایا۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے دس سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین کے نائب وزیرِ اعظم تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

اسلام آباد ایئر پورٹ پر وفاقی وزراء احسن اقبال اور رانا ثنااللّٰہ نے چین کے نائب وزیرِ اعظم کا استقبال کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں