0

پنجاب میں موسلا دھار بارشوں کے بعد ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ

پنجاب میں موسلا دھار بارشو ں کے بعد ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ
لاہور، فیصل آباد اور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کے بعد ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرکے انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے ۔معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے۔ ڈی جی، پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ترجمان کے مطابق دریائے راوی پر ہیڈ بلوکی اور سدھنائی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ ہیڈ بلوکی میں پانی کی آمد64525کیوسک اور اخراج 51525کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہیڈ سدھنائی میں پانی کی آمد 41357 اور اخراج 31807 ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں شاہدرہ سے 38 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جس کے بعد دریائے راوی سے ملحقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ تربیلا میں پانی کی آمد 269000 اور اخراج 256100کیوسک جب کہ کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 323323 اور اخراج 315323کیوسک، چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 341984 او ر اخراج 337984کیوسک ہے۔

تونسہ اور گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔تونسہ کے مقام پر پانی کی آمد 397131کیوسک اور اخراج 397131کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ گڈو بیراج پر پانی کے مقام سے 410886 پانی کا ریلا گزر رہا ہے ۔

دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ سلیمانکی میں پانی کی آمد 82712 اور اخراج 82712کیوسک ہے۔ گنڈا سنگھ والا میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔ دریائے چنا ب اور جہلم میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں