0

ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم و ذوالجناح کےجلوس رواں دواں، سیکیورٹی ہائی الرٹ

ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم و ذوالجناح کےجلوس برآمد ہوں گے
شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں، سیکیورٹی کے خصوصی اور سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی اور اسلام آباد سمیت بیشتر شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

کراچی
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپاک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔

پولیس کے مطابق شہر قائد میں جلوس کے ملحقہ راستے عام ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیئے گئے، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ روٹ کی سرچنگ کرے گا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹ پر نظر رکھی جائے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستے پر جگہ جگہ پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، روٹ کے اطراف کی بلند عمارتوں پر بھی رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، محرم الحرام کے دوران 10 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کئے گئے ہیں، ٹریفک کی رہنمائی کیلئے 3 ہزار سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی 6 امام بارگاہ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو خار دار تاریں، ٹینٹ اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، جلوس کی سیکیورٹی پر ایک ہزار 685 اہلکاروں و افسران تعینات ہوں گے۔

حکام کے مطابق 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹر سیکیورٹی فرائض پر مامور ہوں گے، 117 ماتحت افسران بھی مختلف ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود ہوں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہوگی، رینجرز کے 60 اور ایف سی کے 365 اہلکار و افسران جلوس ڈیوٹی پر ہوں گے، جلوس کے شرکاء کیلئے مرکزی واک تھرو گیٹ نصب کیا جائے گا۔

لاہور
لاہور میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جس میں عزادار شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، جلوس کے راستوں پر سخت سیکیورٹی ہے، جلوس خیمہ سادات سے ہوتا ہلوا واپس پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور میں نکلسن روڈ پر نویں محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت سے شبیہ اور زیارت کا جلوس برآمد ہوگا، امام بارگاہ میں مجلس کا آغاز صبح ساڑھے 6 بجے ہوا، جو تاحال جاری ہے۔

جلوس نکلسن روڈ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستے پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، نکلسن روڈ پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی جانب سے پانی کی سبیل کا بندوبست کیا گیا۔

پشاور
پشاور میں نویں محرم کا پہلا جلوس صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوگا، 62 امام بارگاہوں میں 20 حساس ترین اور 42 حساس قرار دی گئی ہے، شہر بھر میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق محرم الحرام کیلئے 13 ہزار سے زائد پولیس اہلکار حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستے میں 200 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جبکہ جلوسوں کی ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔

کوئٹہ
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی 9ویں محرم الحرام کے جلوس کی تیاریاں مکمل ہیں، جس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو موبائل سروسز مکمل بند ہوگی، شہر میں 1500 ایف سی جوان تعینات کئے گئے ہیں۔

ملتان
ملتان میں نویں محرم الحرام کا جنوبی پنجاب کا مرکزی اور حساس ترین جلوس ممتاز آباد سے برآمد ہوگا، جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس بھی بند رہے گی۔

پولیس کے مطابق ملتان میں مجموعی طور پر 9 ویں محرم الحرام کے دوران کل 80 جلوس برآمد ہونگے، آج 166 مجالس منعقد ہوں گی جن میں 35 مجالس کو حساس قرار دیا گیا ہے، سیکیورٹی پر پولیس کے 2858 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

فیصل آباد
فیصل آباد میں نویں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، ڈی سی آفس کے کنٹرول روم سے مجالس اور جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ جاری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر میں 93 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 114 مجالس کا بھی اہتمام کیا جائے گا، 2800 سے زائد پولیس اہلکار شہر بھر میں حفاظتی ڈیوٹی پر مامور ہیں، 300 سے زائد کیمرے نصب ہیں۔

گوجرانوالہ
گوجرانوالہ میں بھی 9ویں محرم الحرام کے سلسلے میں نکالے جانے والے ضلع بھر کے چھوٹے بڑے جلوسوں اور مجالس کیلئے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرکے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں 63 جلوس اور 90 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، پولیس کے 4 ہزار سے زائد جوان جلوسوں کے راستے پر تعینات ہیں۔

جھنگ
جھنگ میں نو محرم الحرام کا علم اور تعزیہ کا جلوس 3 بجے امام بارگاہ قصر زہرہ سے برآمد ہوگا، جس کی حفاظتی ڈیوٹی پر 300 پولیس اہلکاروں کے ساتھ فوج اور رینجرز کے جوان بھی مامور کئے گئے ہیں۔

ضلع بھر میں مجموعی طور پر 73 جلوس برآمد ہوں گے، جس کیلئے سیکیورٹی پر 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

اٹک
اٹک میں نویں محرم الحرام کے 6 جلوس برآمد ہوں گے، مرکزی جلوس شیباغ سے دن 12 بجے برآمد ہوگا، پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئ ہیں، جلوس کے روٹس پر رینجرز، ایلیٹ فورس اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، روٹس کو خار دار تاریں لگا کر سیل کردیا گیا، شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا فلیگ مارچ بھی ہوا۔

حافظ آباد
حافظ آباد میں نویں محرم الحرام کے سلسلے میں 27 جلوس نکالے جائیں گے اور 24 مجالس منعقد ہوں گی، جن کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم عاشور کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، شہر میں دو دن کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، جلوس کے راستوں پر خار دار تاریں اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

روہڑی، سکھر
روہڑی میں 550 سالہ تاریخی نو ڈھال تعزیے کا ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پہلی منزل منڈو کھبڑ پر پہنچ گیا، جو کچھ دیر میں دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ ملک کا واحد دو روز تک جاری رہنے والا ماتمی جلوس ہے، اس کا آغاز 9محرم جبکہ اختتام 10 محرم کی شب ہوتا ہے، جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں