0

سینیٹ میں کی گئی تقریر پر معافی نہیں مانگوں گا: خواجہ آصف

خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے روز پی ٹی آئی کی خواتین ارکان سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں کی جانے والی تقریر پر معافی نہیں مانگوں گا۔ میں نے عمومی بات کی، کسی خاتون کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آج سینیٹ میں پی ٹی آئی کے ارکان نے میری مشترکہ اجلاس کی تقریر پر احتجاج کیا، وہ چاہتے ہیں کہ میں اس پر معافی مانگوں لیکن میں اس پر معافی نہیں مانگوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کیا مریم نواز اور فریال خواتین نہیں تھیں؟۔ اِن کے لیڈر نے اِن خواتین کی جو تربیت کی ہے وہی سامنے آرہی ہے۔ ان کا لیڈر صنفی امتیاز پر گفتگو کرتا رہا ہے۔ اگر آپ کا لیڈر مریم نواز اور فریال تالپور کے بارے میں جو کہا، اس پر معافی مانگ لے تو میں بھی معافی مانگ لوں گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آپ کو ہماری آنکھ کا تنکا نظر آتا ہے، لیکن اپنی آنکھ کا شہتیر نظر کیوں نہیں آتا۔ صنفی امتیاز کی باتیں میں نے نہیں کیں۔ میری تربیت نوازشریف نے کی ہے تو انُ کا نام آئے گا ۔ اِن کی تربیت چیئرمین پی ٹی آئی نے کی ہے تو اسی کا نام آئے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے وضاحت دی میرے ریمارکس صنفی امتیاز پر مبنی نہیں تھے میں نے خواتین سے متعلق کوئی ریمارکس نہیں دیے لیکن اگر یہ اس کو جینڈر اسپیسفک بنانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں