0

وزیر خارجہ کا سیکریٹری جنرل او آئی سی سے ٹیلیفونک رابطہ، قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات پر اظہارِ تشویش

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ٹیلی فون کال سویڈن اور دیگر یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے پے در پے واقعات کے تناظر میں کی گئی۔

بلاول نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو 6 جولائی 2023 کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد اور 7 جولائی 2023 کو پاکستان بھر میں یوم تقدیس قرآن کے منانے کے بارے میں آگاہ کیا جو تحفظ قرآن کے لیے پاکستان کے عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات کو سراہا کہ سیکریٹری جنرل او آئی سی کی سرپرستی میں تنظیم ان قابل مذمت کارروائیوں کا فوری جواب دے رہی ہے، انہوں نے 2 جولائی 2023 کو جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہونے والے غیر معمولی اجلاس اور اجلاس کے بعد جامع اعلامیہ جاری کرنے پر او آئی سی کی تعریف کی۔

انہوں نے اس معاملے پر ہنگامی وزارتی اجلاس کے انعقاد کے لیے او آئی سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سیکریٹری جنرل کو اس سلسلے میں ایران، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک رابطہ سے آگاہ کیا۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور انسداد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ میں اس سلسلے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سیکریٹری جنرل کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان اسلاموفوبیا کی قابل مذمت لہر کو روکنے کے لیے او آئی سی کے تمام اقدامات میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا ایک اور افسوسناک واقعہ رونما ہوا جس میں 2 افرد نے عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کی بےحرمتی کی۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن نے کہا کہ وہ قرآنِ پاک نذرِ آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اشتعال انگیز اور شرمناک کارروائیاں ڈنمارک کی حکومت کے خیالات کی نمائندگی نہیں کرتیں، سب سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل ہے، پُرتشدد ردعمل کسی صورت نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب عراق کی وزارت خارجہ نے یورپی یونین کے ممالک کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نام نہاد آزادی اظہار رائے اور احتجاج کے حق پر فوری طور پر نظر ثانی کریں۔

واضح رہے کہ حالیہ چند روز میں سویڈن اور ڈنمارک کی جانب سے آزادی اظہار کے تحفظ کے قانون کے تحت قرآن پاک نذرِ آتش کرنے کی اجازت دینے کے پے در پے واقعات کے بعد ایران اور عراق سمیت تمام عالمِ اسلام سراپا احتجاج ہے اور مظاہرے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں