
موٹروے ایم 3 سےمنسلک فیصل آباد ستیانہ بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں جھر لو چلا، دھاندلی سے بہروپیے کامیاب کرائے گئے، آپ نے ووٹ کی طاقت سے ان بہروپیوں کو شکست دینی ہے، مولانا فضل الرحمان سے آئندہ بھی رشتہ چلتا رہے گا، پی ٹی آئی حکومت نےمنصوبوں میں ایک اینٹ کا اضافہ نہیں کیا، 4 سال پاکستان کے معاشرے میں زہر گھولتے رہے، 4سال بے تکے اور بے بنیاد بھونڈے الزامات لگاتے رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کا احترام کریں گے، نوازشریف کی سربراہی میں سب ساتھی کارکن کی طرح دن رات خدمت کریں گے، وعدہ کرتا ہوں پانچ سالہ مینڈیٹ ملا تو سب ملکر پاکستان کی قسمت بدل دیں گے، پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن کردیں گے، یہ کشکول توڑ کر اس کےحصے بنی گالہ کے آس پاس بچھادیں گے۔ انشاءاللہ پاکستان10سال میں معاشی میدان میں بھارت سے ٹکر لے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کروڑوں بچوں اور بچیوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، معدنیات کی دولت سے پورے پاکستان کو فیض یاب کریں گے، اس طرح نہیں ہوگا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا فراڈ کر کے چور ڈاکو کہتا رہے، ایسا نہیں ہوگاکہ خانہ کعبہ کےماڈل کی گھڑی بیچ کر چور ڈاکو کی گردان کی جائے، یہ پیسے دانش سکول کے بچیوں کو دے دیتا تو میں انہیں سلام کرتا، بتایا جائے یہ 50ارب روپیہ پاکستان کے خزانے میں کیوں نہیں آیا؟ فیصلہ آپ نے کرنا ہے، انشاءاللہ پاکستان 10سال میں معاشی میدان میں بھارت سےٹکرلےگا، گردن میں سریے اور تکبر والے شخص کی بات سننی ہے تو پھر پاکستان کا اللہ حافظ۔
تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اب کہتے ہیں الیکشن ہیں ہمارے ساتھ یہ نہیں ہونا چاہیے، شہداء کے ناموں پر ڈنڈے اور جوتے برسائے گئے، آگ لگائی گئی، جو انہوں نے کیا ہے اس کی سزا ان کو ملے گی، آج یہ کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، 9 مئی کو شہداء کی بے حرمتی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی بحران میں ہے، ڈیفالٹ سے بچالیا گیا، نوازشریف کو سازش کے ذریعے نااہل کیا گیا، نوازشریف نے 5 ٹیلیفون کالز کا جواب 6 ایٹمی دھماکوں سے دیا، اس وقت کہا جاتا تھا دہشت گرد سوات تک آ گئے ہیں، مسلم لیگ ن نے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ سمیت سب بحرانوں کو حل کیا، ایسے فتنے کو مسلط کیا گیا جس نے 4 سال میں ملک برباد کردیا۔