سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 131 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 50 اور آغا سلمان نے 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بابر اعظم 24 اور پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے سعود شکیل دوسری اننگر میں 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سرفراز احمد صرف ایک رن بنا پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جےسوریا نے 4 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
عبداللّٰہ شفیق 8، شان مسعود 7 اور نعمان علی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی۔
مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو ٹیسٹ میچ میں شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اوپنر امام الحق نے 25 اور کپتان بابر اعظم نے 6 رنز کے ساتھ پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
پاکستان نے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ابرار احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں لیں۔
پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو ہوم ٹیم پر 149 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 وکٹیں حاصل کیں، پراباتھ جےسوریا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کسون رجیتھا اور وشوا فرنینڈو نے ایک ایک بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ ابتدا میں جلد وکٹیں گنوانے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔