وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ پندرہ روز کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کر دیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اطلاق 15 جولائی کی رات بارہ بجے سے 1 اگست تک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول فی لیٹر 9 روپے کمی سے 253 روپے فی لیٹر ہوجائے گا جبکہ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے کمی کی ہے جس کے بعد قیمت 253 روپے 50 پیسے ہوجائے گی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
وزیرخزانہ نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف قرض، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے رقم ملنے کے بعد پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔