0

متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک میں 1 ارب ڈالر جمع کروا دیے: وزیر خزانہ

اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسٹیٹ بینک میں ایک ارب ڈالر منتقل کردیے ہیں۔ یو اے ای نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کروا دی ہے۔

اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تصدیق کی گئی ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے یو اے ای کی قیادت کا مشکور ہوں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن بہتری کی طرف جارہی ہے، گزشتہ روز دو ارب ڈالرز سعودی عرب سے آئے تھے، یوں دو دن میں زرمبادلہ کے ذخائر تین ارب ڈالرز بڑھ گئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ چودہ جولائی کو زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی جائے گی۔ ہم چودہ پندرہ ارب ڈالر کے درمیان زرمبادلہ کے ذخائر لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپریل بائیس میں جب سے حکومت سنبھالی ایک منٹ بھی ادائیگیاں تاخیر سے نہیں کی گئیں جبکہ ڈیفالٹ کی افواہیں قدرتی موت مر گئیں، اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہے، ہر دن پاکستان کیلیے بہتر ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، پاکستان قائد اعظم کے خواب کی طرح دنیا میں اپنا کھوایا ہوا وہ مقام حاصل کرے گا۔