0

ریاست کے خلاف سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے: جاوید لطیف

جاوید لطیف
وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ بھارت اور اسرائیل سے ہو رہی تھی جس کے مقاصد 9 اور 10 مئی کو حاصل کر لیے گئے۔ ریاست کے خلاف سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بیرون ملک سے اربوں روپےکی فنڈنگ ہوئی، 9 اور 10 مئی کو پی ٹی آئی نے ملک دشمنی کا کھلا ثبوت دیا، وہ کھیل کھیلا گیا جو پاکستان کے مفادات کے خلاف تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت سے اس شخص کو فنڈنگ ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے تھی، ریاست کے خلاف سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس 11 سال سے آج تک فیصلے سے بچا ہوا ہے، اگر اس کیس کا نتیجہ سامنے آنے دیا جاتا تو قوم کو پتہ چل جاتا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج اسرائیل 9 اور 10 مئی کے مرکزی ملزم کو بچانے کی بات کرتا ہے، ہمیں کوئی بتا دے کہ ہماری ریاست پر حملہ کرنا جرم ہے یا نہیں، جب ان کی ریاستوں میں ایسا جرم ہوتا ہو تو کیا انسانی حقوق کی آڑ میں دوسری ریاستیں بھی ان کو بچانے کی کوشش کرتی ہیں۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اگر فارن فنڈنگ کیس کا نتیجہ سامنے آتا تو ہمیں قوم کو بتانے میں آسانی ہوتی، آج کچھ ادارے جان بوجھ کر خود کو دباؤ میں محسوس کروا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو ابھی بھی سہولت کاری مہیا کی جا رہی ہے، دو ماہ سے ریاست اپنے لیے انصاف مانگ رہی ہے لیکن کوئی نہیں سن رہا، آنے والے چیف جسٹس کے خلاف حکومت وقت نے اپیل واپس لے لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حامد خان نے بھی کہا کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، کیا 2 ماہ میں یہ فیصلہ نہ ہو سکا کہ 9 مئی کے ملزمان کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہونا ہے یا سول کورٹس میں، یاد رکھیں ریاستیں اتنی کمزور نہیں ہوتیں، ریاست کے مخالفین کا ایسا عبرتناک انجام کریں گے کہ دنیا یاد رکھے گی۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات تقاضہ کر رہے ہیں کہ پاکستان میں منصفانہ انتخابات بروقت ہوں، کون سی حکومت آئے گی اس کا فیصلہ عوام کرے گی، اگر منصفانہ انتخابات ہوئے تو نواز شریف کو عوام چوتھی بار وزیرِ اعظم منتخب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں