لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ ملک کی توانائی ضرورت پوری کرنے کیلیے کوشاں ہیں، ملکی ذخائر کی دریافت کیلیے نئی پالیسی کابینہ کو بھجوا رہے ہیں، اندرونی وسائل اور بیرونی تعاون سے پہلا وعدہ پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ تیل کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف طریقہ کار لائے ہیں، پیٹرولیم کا جو لیگل کام کرتے ہیں وہ اپنا اسٹوریج بنا سکتے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ لوکل ٹرانزیکشن کی وجہ سے ایل سی کے اضافی چارجز کا بوجھ بھی ختم ہوگیا، جب کمپنیاں آئیں گی رجسٹرڈ ہوں گی تو ایل سیز کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نیوز کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان سے معاہدہ کیا ہے سستی گیس کا ایک جہاز ہر ماہ دے گا جبکہ دوسری طرف روس سے سستا تیل پاکستان آتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرائی آؤٹ کو ختم کر کے زرمبادلہ پر بوجھ کو بھی کم کر دیا گیا ہے، حکومت کے جانے سے تمام اقدامات پر پہلے تنقیدی جائزہ پیش کریں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے 10 ماہ میں گیس کے اپنے کنوؤں کا سرکلر ڈیٹ صفر کر دیا ہے، جلد ہی ایل این جی گیس کا گردشی قرضہ بھی صفر کر دیں گے۔