0

ملک دیوالیہ کرنے والے آج اسحاق ڈار سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے، ملک دیوالیہ کرنے اور عوام کی روٹی روزی پہ ڈاکہ ڈالنے والے فارن ایجنٹ آج اسحاق ڈار سے استعفی مانگ رہے ہیں عوام کے پیٹ پر مہنگائی کے پتھر باندھنے والے بے شرم مجرم ملکی معیشت سنبھالنے والے اسحاق ڈار سے استعفی مانگ رہے ہیں۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا معیشت کا دھڑن تختہ کرنے والے اپنے ہی کئے ہوئے آئی ایم ایف معاہدے کو بحال ہوتے دیکھ کر رو کیوں رہے ہیں؟ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ قریب ہونے کی خبرسنتے ہی تخریب کاروں، سازشیوں اور ملک دشمنوں کا رونا پیٹنا پھر شروع ہوگیا ہے سخت شرائط پہ آئی ایم ایف کا معاہدہ کیا، خود خلاف ورزی کی، اپنا کیا ہوا معاہدہ توڑا پھر ملک اور معاہدے کے خلاف سازشیں بھی کیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ معاہدہ ہونے پہ چیخنے والوں سے سوال یہ پوچھنا چاہیئے کہ آپ نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا کیوں تھا؟ جو معاہدہ ہونے پہ چیخ رہے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ خود انہوں نے ہی توکیا تھا اس معاہدے کو نہ صرف خود توڑا بلکہ ملک کو ڈیفالٹ کرانے کی سازش کی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف ملکی معیشت مستحکم کر کے گئے تھے، فارن ایجنٹ نے معیشت کی بنیادیں ہلائیں، نواز شریف واحد لیڈر ہیں جن کی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر بھی ڈالا “مرجاوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوں گا “ کون کہتا تھا؟ پھر وہ آئی ایم ایف کے پاس کیوں گیا؟۔

انہوں نے مزید کہا لپ 9 مئی کو ملک جلایا، فوجی ونجی املاک پر حملے کئے اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اب معاشی مفادات پر حملے کی پھر تیاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں