0

لندن: پاکستانی طالبہ حنا بشیر کے قاتل کو 20 سال قید کی سزا

حنا بشیر
لندن کی عدالت نے پاکستانی طالبہ حنا بشیر کے قاتل ارسلان کو 20 سال قید کی سزا سنا دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گاؤں کی رہائشی 21 سالہ پاکستانی طالبہ حنا بشیر کے قاتل ارسلان کو آج لندن کی عدالت نے 20 سال قید سزا سنا دی۔

عدالت کے جج رچرڈ مارکس کے مطابق ملزم ارسلان نے سماعت کے آغاز پر اسے غیر ارادی قتل کہا تھا، تاہم 12 رکنی جیوری نے ملزم ارسلان کا مؤقف مسترد کردیا تھا اور جرم ثابت ہونے پر آج اسے سزا سنا دی گئی۔

مجرم ارسلان لندن میں زیر تعلیم طالبہ حنا بشیر کا قریبی عزیز تھا اور اس سے شادی کا خواہشمند تھا، حنا بشیر کے انکار پر اس نے11 ماہ قبل الفرڈ میں قتل کرکے اس کی لاش اپ منسٹر کےعلاقہ میں سوٹ کیس میں بند کرکے جنگل میں پھینک دی تھی۔

ملزم کو سزا سنانے سے قبل برطانیہ حکومت نے حنا کے والد بشیر خان اور ان کی فیملی کو لندن بلوا لیا تھا تاکہ وہ عدالتی کارروائی کو دیکھ سکیں۔

مقتولہ حنا بشیر کے کزن منیب اللہ کا کہنا ہے کہ ہم برطانیہ حکومت اور عدالت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں جلد انصاف فراہم کیا۔