برطانوی میڈیا کے مطابق بحر اوقیانوس میں غرقاب ٹائی ٹینک کے ملبے کی سیاحت کے لیے جانے والی آبدوز میں 2 پاکستانی بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق بحراوقیانوس میں 111 سال قبل غرق ہونے والے جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کا نظارہ کرنے کے لیے جانے والی لاپتہ آبدوز کی تلاش جاری ہے، یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا، ہمارا اندازہ ہےکہ ہمارے پاس اس وقت 70 سے 96 گھنٹے دستیاب ہیں، سرچ آپریشن کا علاقہ کافی دور دراز ہے، اس سرچ آپریشن میں ایک آبدوز اور دو ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاپتہ آبدوز میں 5 افراد کی گنجائش تھی اور اس میں 5 افراد ہی سوار تھے، ان فراد میں 2 پاکستانیوں سمیت ایک برطانوی ارب پتی بھی شامل ہیں جبکہ دیگر دو عملے کے افراد میں آبدوز کے پائلٹ اور ایک تکنیکی ماہر موجود ہیں۔
اس آبدوز میں سوار پاکستانی شہریوں میں شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان بھی شامل ہیں۔