پی پی پی سوہاوہ کے دیرینہ کارکن نائیک چوہدری محمد اظہر انتقال کرگئے

نمازِ جنازہ میں سیاسی وسماجی، کاروباری شخصیات سمیت علاقہ بھر سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، مقامی قبرستان میں تدفین
سوہاوہ(ظفرغوری) پاکستان پیپلز پارٹی سوہاوہ کے دیرینہ کارکن نائیک چوہدری محمد اظہر حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، نمازِ جنازہ میں سیاسی وسماجی، کاروباری شخصیات سمیت علاقہ بھر سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، مقامی قبرستان میں تدفین، انکی وفات سے علاقہ کی ہر آنکھ اشکبار۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے دیوان حضوری سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی سوہاوہ کے دیرینہ کارکن نائیک چوہدری محمد اظہر حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔ نمازِ جنازہ میں سیاسی وسماجی، کاروباری شخصیات پی پی پی سوہاوہ کے صدرو سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 25 مرزا عبدالغفار، سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 25راجہ سفیر اکبر، پی ٹی آئی سوہاوہ کے رہنما چوہدری بشارت حسین وحید، چوہدری محمد سعید، چوہدری صغیر حسین چیمہ، پی ایم ایل این سوہاوہ کے رہنما نائیک چوہدری محمد شبیر، راجہ تنویر پنوار، ملک واجد حسین، راجہ عمر غوری سمیت مرحوم کے عزیزواقارب اور دوست احباب کے علاوہ علاقہ بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو کلمہ شہادت کی صداؤں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردلحد کردیا گیا۔ ہردلعزیز شخصیت کے مالک نائیک چوہدری محمد اظہر کی وفات کی خبر سن کر علاقہ بھر میں غم و سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔ بستی کی ہر آنکھ اشکبار تھی اور لوگ دہاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔ مرحوم نائیک اظہر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے معروف رہنما راجہ خالد جاوید مرحوم کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے اور ہر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ دل جان سے وابستگی کو قائم رکھا۔ ان کی وفات سے پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ایک بہترین جیالے سے محروم ہوگئی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے علاقہ کے لوگوں کے لئے ان کی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔