0

اسلام آبادمیں قیدی وینزپرحملہ،مفرورایم پی ایزسمیت تمام قیدی دوبارہ گرفتار

ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سنگجانی ٹول پلازہ پر 3قیدیوں کی وینز پرنامعلوم ملزمان کے حملے میں فرار ہونے والے پی ٹی آئی کے 2ایم پی ایز سمیت سمیت تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی چوک احتجاج کے 82ملزمان کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا کہ سنگ جانی ٹول پلازہ پر 3 قیدیوں کی وینز پرنامعلوم ملزمان نے حملہ کردیا ۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ قیدیوں کی وین میں ایم پی اے انور زیب، لیاقت، یاسر قریشی سمیت گرفتار سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکار بھی تھے جوکہ فرار ہو گئے ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی وینز کے سنگ جانی ٹول پلازہ پہنچنے پر پہلے سے موجود ملزمان نے فائرنگ کی اور حملے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے پرزن وینز کے ٹائر برسٹ کیے۔
ملزمان کی فائرنگ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیاجبکہ پولیس نے فرار ہونے والے متعدد ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے، دوبارہ گرفتار کیے جانے والوں میں ایک ایم پی اے کا بیٹا بھی شامل ہے۔


دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھاکہ تین قیدی وینز میں 82ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پر حملہ آور ہوئے اور حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایاکہ فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے، انہیں اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے اور پولیس نے قیدیوں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام بنادی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ فرار ہونے والوں میں 2 ایم پی اے بھی شامل تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، حملہ آوروں کی تعداد 18 سے 20 تھی جن میں ایک ایم پی اے کا بیٹا بھی شامل تھا اور پولیس نے چار حملہ آوروں کو بھی گرفتار کیا ہے ۔